مشینی ترجمہ
مشینی ترجمہ (انگریزی: Machine translation) کمپیوٹری لسانیات کا ایک حصہ ہے۔ اس میں کسی بھی دستیاب مواد کو آسانی سے ایک زبان سے دوسری زبان میں یا تو کسی سافٹ ویئر یا پھر کسی آن لائن ویب گاہ کی مدد سے منتقل کیا جا سکتا ہے۔ یہ کام بہت جلد ہو جاتا ہے۔ تاہم چونکہ ترجمہ کسی انسانی کوشش کے بغیر ہوتا ہے، اس لیے منتقل ہونے والے مواد میں اکثر کافی خامیاں رہ جاتی ہیں۔ مثلًا ایک ہی لفظ کے کئی معانی ہوتے ہیں۔ ایک مشینی ترجمہ کئی بار کسی ایک لفظ کے متعلق ایک ایسے معانی کو لے سکتا ہے جو سیاق و سباق میں موزوں نہ ہو۔ اس کے علاوہ مشینی ترجمے میں محاوروں کا صحیح ترجمہ بھی اکثر مشکل ہے۔ جیسے کہ اردو میں آپ کی تعریف؟ سے مراد کسی کی تعریف نہیں بلکہ نام اور تعارف مطلوب ہے۔ اسی طرح انگریزی زبان کا محاورہ cup of tea سے مراد چائے کا پیالا نہیں بلکہ بس کی بات ہے۔ زبانوں میں الفاظ کی موجودگی اور عدم موجودگی بھی ایک مسئلہ ہے۔ مثلًا انگریزی میں اعتکاف کے لیے صحیح ایک متبادل لفظ ملنا مشکل ہے۔ اردو زبان میں Econometrics کے لیے فوری استعمال کا لفظ نہیں ہے۔ اس کے لیے ایک سے زیادہ الفاظ استعمال کرنے ہوں گے۔ کچھ زبانوں، جیسے کہ اردو ہے، اس میں الفاظ کے مذکر و مؤنث ہونے کا خیال رکھنا پڑتا ہے، جب کہ انگریزی میں عام طور سے یہ شرط الفاظ کے ساتھ مربوط نہیں ہے۔ اسی طرح جرمن زبان میں مذکر و مؤنث کے ساتھ ساتھ الفاظ غیر جانبیہ (neuter) بھی ہوتے ہیں۔ منتقلی کے وقت اس کا بھی خیال رکھنا پڑتا ہے۔
ویکیپیڈیا برادری مشینی ترجمہ کے لیے ایک آلہ تیار کر چکی ہے جو دنیا کی تقریبًا تمام زبانوں کا متحمل ہے۔ اس آلے کی مدد سے مکمل مضامین کے ترجمے کیے جا سکتے ہیں اور اصلا یہ اسی کام کے لیے بنایا جارہا ہے۔[1] اس آلے کی اردو مقامی بنایا جانا مکمل ہو چکا ہے۔ تاہم پھر بھی انسانی جانچ ضروری ہوتی ہے۔ گوگل ترجمہ بھی انٹرنیٹ پر ایک مقبول آن لائن ترجمے کا ذریقہ ہے۔